پی ایس ایل: کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے ملتان سطانز کو شکست دے دی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فائل فوٹو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

پی ایس ایل 6 کے 14ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو22 رنز شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کرلی، کوئٹہ کی کامیابی کے ساتھ ٹاس جیت کر میچ جیتنے کی روایت بھی ٹوٹ گئی۔

پی ایس ایل 6 کے 14ویں میچ میں ملتان سلطانز کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیے جانے والا 177 رنز کے تعاقب میں آخری اوور میں 154 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کپتان محمد رضوان کی 66 رنز کی اننگز بھی سلطانز کو شکست سے نہ بچاسکی۔

 

جیمز ونس 24 رنز بنا کر قیس احمد کا نشانہ بنے، شان مسعود صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، رلی روسو 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ثاقب محمود بھی 2 رنز بناکر چلتے بنے۔

وشدل شاہ کو 19 رنز پر محمد حسنین نے پویلین کی راہ دکھائی، کارلوس بریتھ ویٹ 4 رنز بناسکے، سہیل خان 8، عمران طاہر 14 اور شاہ نواز دھانی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

قیس احمد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، محمد حسنین اور زاہد محمود نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، ڈیل اسٹین اور محمد نواز ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

قبل ازیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے اور ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف دیاتھا، اوپنر عثمان خان نے 81 رنز دلکش اننگز کھیلی۔

عثمان خان کی 81 رنز کی اننگز میں 3 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے، سیم ایوب 23 رنز بنا کر نمایاں رہے، فاف ڈوپلیسی 17 رنز بنا کر سہیل خان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

اعظم خان 17 رنز بنا کر شاہنواز دھانی کو وکٹ دے بیٹھے، کپتان سرفراز احمد 3 رنز بنا کر فاسٹ بولر عمران خان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

آل راؤنڈر بین کٹنگ بھی شاہنواز دھانی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، محمد نواز نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے شاہ نواز دھانی نے تین اور عمران خان نے دو وکٹیں حاصل کیں، عمران خان اور سہیل خان ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

 

اس سے قبل ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کم اسکور تک محدود رکھیں جبکہ کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ملتان سلطانز کو بڑا ہدف دے کر میچ میں پہلی کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ ایونٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کوئی کامیابی حاصل نہیں کرسی، جبکہ ملتان سلطانز صرف ایک میچ جیتی ہے۔

install suchtv android app on google app store