تیل کے ضدی داغوں کوکپڑوں سے ہٹانے کا آسان طریقہ

تیل کے ضدی داغوں کوکپڑوں سے ہٹانے کا آسان طریقہ فائل فوٹو تیل کے ضدی داغوں کوکپڑوں سے ہٹانے کا آسان طریقہ

جب بھی ہم کچن میں کچھ تلتے ہوئے یا کچھ اچھا سا بناتے ہوئے اپنے کپڑوں میں چکنائی کے داغ لگا بیٹھتے ہیں تو یہ بہت مشکل ہوتا ہے کہ پھر اسے کپڑوں سے ہٹایا جائے۔ یہ ہوتے بھی اتنے واضح ہیں کہ دور سے ہی چمکنے لگتے ہیں۔

اگر آپ اس کو فوری طور پر نہیں صاف کریں تو یہ دن بدن گہرے ہوتے چلے جاتے ہیں۔ اور بعض اوقات تو یہ رہ ہی جاتے ہیں۔ یہاں ہم کپڑوں سے چکنائی کے داغ چھڑانے کی کچھ آسان ٹپس بتارہے ہیں جن سے آپ کو فائدہ پہنچ سکے۔

کپڑوں سے تیل کیسے نکالیں؟

اگر آپ کے کپڑے میں داغ لگ گیا ہے تو یہ بات یاد رکھیں کہ آئل یا چکنائی کمرے کے درجہء حرارت میں اور جم جاتی ہے۔اس لئے جیسے ہی داغ لگے اس کو فوراً ٹشو پیپر یا پیپر ٹاول سے جذب کرنے کی کوشش کریں ،یہ فوراً کرنے والا کام ہے تاکہ زائد چکنائی ٹشو پیپر میں جذب ہو جائے۔اس کے بعد آپ بیکنگ سوڈا یا چاک یا پھر برتن دھونے والا ڈش لیکویڈ اس پر ملیں تاکہ وہ داغ ہلکا یا ڈھیلا ہو سکے۔

بیکنگ سوڈے کا استعمال کیسے کریں؟

بیکنگ سوڈا ان چیزوں کی صفائی کے لئے بہترین ہے جو واشنگ مشین میں نہیں دھل سکتیں۔ مثلاً آپ فرنیچر کے بڑے حصے کو جس پر تیل لگ گیا ہو اس کی صفائی بھی کر سکتے ہیں جیسے کہ صوفہ یا سردیوں کا کوٹ وغیرہ۔

اس کے لئے آپ کو کپڑے پر یا جہاں بھی داغ لگا ہو وہاں پہلے ٹشو یا پیپر ٹاول سے زائد چکنائی جذب کر لیں اس کے بعد اس داغ پر بیکنگ سوڈا ڈال کر پھیلا دیں اور 24 گھنٹے کے لئے چھوڑ دیں۔ اگلے دن برش سے بیکنگ سوڈا صاف کر لیں۔ اب اس پر آدھا سرکہ اور آدھا پانی ملا کر اس داغ پر اسپرے کریں ۔برش یا کسی صابن سے رگڑیں، اگر کپڑا نرم یا ہلکا ہے تو اس کو کسی ٹوتھ برش کے ساتھ بہت آہستگی سے ملیں ۔ اگر داغ ضدی ہو تو آپ اس عمل کو دہرا بھی سکتے ہیں۔

تیل کا داغ چھڑانے کے لئے چاک کا استعمال کیسے کریں؟

اگر کپڑوں پر داغ لگا ہو تو چاک کو بھی بالکل بیکنگ سوڈے کی طرح ہی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ٹشو یا پیپر ٹاول سے زائد چکنائی جذب کرنے کے بعد جہاں داغ لگا ہو وہاں چاک کا ٹکڑا رگڑیں،اب جلد از جلد اس داغ کو دھولیں تاکہ جلد یہ صاف ہو سکے۔
برتن دھونے کا لیکوئڈ تیل کا داغ چھڑائے۔

جس طرح برتن دھونے کا لیکوئڈ برتنوں سے چکنائی کے ضدی داغ صاف کر دیتا ہے اسی طرح اس کے چند قطرے کپڑوں سے تیل یا چکنائی کے داغ بھی صاف کر سکتے ہیں۔ اس لیکوئڈ میں ذرا سا گرم پانی ملا کر اس کو داغ پر لگائیں اس سے یہ داغ ہلکا ہو جائے گا ۔ اس لیکوئڈ میں کپڑے کا وہ حصہ کم از کم 5 منٹ تک بھگوئیں۔ اس کے بعد اس کپڑے کو آپس میں نرمی سے رگڑیں۔ یا پھر کسی ٹوتھ برش سے رگڑ لیں۔

کسی بھی کپڑے پر بیکنگ سوڈا ،چاک، یا ڈش واشنگ لیکوئڈ استعمال کرنے سے پہلے اس کپڑے کی دھلائی کے بارے میں جو ہدایات دی گئی ہیں ان کو ضرور مد نظر رکھیں۔ اگر ان سب چیزوں کے بعد بھی داغ صاف نہ ہو تو اس عمل کو دوبارہ دہرائیں۔ کپڑے کو ڈرائیر میں ڈالنے سے گریز کریں ورنہ وہ داغ آپ کے کپڑے پر مستقل رہ جائے گا۔

install suchtv android app on google app store